اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اپنے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 30 ہزار روپے کی کمی کر دی جس سے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین متاثر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سی اے اے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ای جی 7 کے ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈائریکٹرز کی پنشن میں کمی کا فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 25 مارچ کو اپنے 191 ویں اجلاس میں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے بورڈ نے پنشن میں کمی ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضی کی تجویز پر کی ہے اور اس کٹوتی سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز (ایچ آر) محمد نواز خان نے پنشن میں کمی کا پہلا نوٹیفکیشن 20 جون کو جاری تاہم اسے منسوخ کر کے 25 جون کو دوسرا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
دوسرے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پنشن میں کٹوتی کا اطلاق پرانی تاریخ میں مارچ 2022 سے ہو گا جبکہ ریٹائرڈ افسران کی پنشن میں 30 ہزار روپے کی کمی ہو گئی۔
دوسری جانب ریٹائرڈ افسران نے پنشن میں کٹوتی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سی اے اے کے ریٹائرڈ افسر اور ایوی ایشن لاءکے ماہر عبید عباسی کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں کمی نہیں کی جا سکتی جبکہ پنشن میں کٹوتی پچھلی تاریخ سے کرنا بھی غیر قانونی ہے۔