حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی درخواستوں پر آج پھر سماعت

09:57 AM, 29 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: حمزہ شہباز کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ آج پھر سماعت کرے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے سے متعلق درخواست پر گزشتہ روز سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ایک روز کی مہلت فراہم کی تھی۔ 
حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے اور حلف کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں، جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ آج پھردرخواستوں پر سماعت کا آغاز کرے گا۔ 
دوسری جانب زیر سماعت کیس کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس میں آئینی ماہرین سے بھی مشاورت کی گئی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایوان میں تازہ نمبر گیم کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ حکومتی اتحاد کے تمام ارکان کو لاہور طلب کر لیا گیا اور تا حکم ثانی شہر نہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے، پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس بھی آج طلب کر لیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے حمزہ شہباز کی حمایت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے پرویز الٰہی ہی ہمارے امیدوار ہوں گے۔ 

مزیدخبریں