پشاور: پولیس کے حاضر سروس ایس ایچ او اور اس کے کانسٹیبل بیٹے کو 12 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا ۔
قبائلی ضلع خیبر پولیس کے حاضر سروس ایس ایچ او اور اس کے کانسٹیبل بیٹے کو 12 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ پیر زکوڑی پل پشاور کے قریب سے گرفتار کیا گیا ۔
پشاور کے سی سی پی او محمد اعجاز خان کے مطابق حاضر سروس ایس ایچ او محمد شعیب اور اس کے کانسٹیبل بیٹے عابد اللہ گاڑی کے ذریعے ہیروئن اسمگل کر رہے تھے ۔
پولیس کے مطابق باپ بیٹے کا تعلق بین الصوبائی منشیات اسمگلر گروہ سے ہے ۔ اس واقعے کے بعد سی سی پی او نے ایس ایچ او اور اس کے کانسٹیبل بیٹے کو معطل کر دیا ہے ۔
اس حوالے سے سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ کالی بھیڑوں کو محکمہ پولیس پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہیں کرنے دیں گے ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی ہے ۔