اسلام آباد: شہباز گل نے کہا عوامی بجٹ پاس ہوتا نہ دیکھ سکنے والے پارلیمنٹ سے غائب تھے اور متعدد بار فرار ہونیوالے آج پارلیمان سے بھی مفرور ہوئے۔
معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا آج قومی اسمبلی میں عوامی بجٹ پاس ہوتا نہ دیکھ سکنے والے پارلیمنٹ سے غائب تھے جبکہ متعدد بار فرار ہونیوالے آج پارلیمان سے بھی مفرور ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اورنج لائن منصوبہ عوام کی جیب پر ڈاکے کے سوا کچھ نہیں اور نااہل لیگ کے پروپیگنڈے کا ایک ہی جواب این آر او نہیں ملنے والا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا پاکستان کی تاریخ میں تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار گاڑیاں سستی کرنے کا اعلان کیا ہے اور 1000 سی سی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی جبکہ سیلز ٹیکس 17 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 12 فیصد کر دیا۔
اس سے قبل فواد چودھری نے وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ ن لیگ میں پاور کرائسز زیادہ بڑھ گیا ہے۔ مریم نواز اور شہباز شریف کے جھگڑے میں قیادت کی گرفت پارٹی پر کمزور ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں شہباز شریف نہیں آئے اور 30 کے قریب ان کے اراکین بھی غیر حاضر رہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے اراکین نے وزیراعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اتنا بڑا ترقیاتی بجٹ پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیا گیا جب کہ بجٹ میں نئے ٹیکس بھی نہیں لگائے گئے ہیں۔ اس بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور نوجوانوں کو قرضے بھی دے رہے ہیں۔