لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب کی طرف سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ،لاہور سمیت پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز میں یکم جولائی سے یکم اگست تک تعطیلات کا اعلان کردیاگیا ہے۔
ANNOUNCEMENT
— Murad Raas (@DrMuradPTI) June 29, 2021
Summer vacation for Schools of Punjab to start July 1st, 2021 till August 1st, 2021. In these times of vacation, my request to all the children and their families is to follow SOPs issued by the government.
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکول بروز جمعرات مورخہ یکم جولائی سے یکم اگست 2021ء تک بند رہیں گے۔
مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں مزید کہا کہ میری تمام والدین سے گزارش ہے کہ تمام بچے اور ان کے اہلخانہ گورنمنٹ کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدار ت ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں جہاں کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا وہیں بڑھتی گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے موسم گرما کی چھٹیوں کی بھی اجازت دی گئی تھی۔ این سی او سی کے اعلامیہ کے مطابق تمام صوبے موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان خود کرینگے۔ پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات 2 جولائی سے 2 اگست تک کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
اجلاس میں ملک میں جاری کورونا صورتحال اور این پی آئیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد گنجائش جبکہ تفریحی مقامات، سوئمنگ پولز کو 50 فیصد کی گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔پیٹرول پمپ، میڈیکل سٹور سمیت ضروریات کے اہم کاروباروں کو چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، آوٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت، ان ڈور پر 50 فیصد کی پابندی عائد ،صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی ان ڈور ڈائننگ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔