پابندی کے باجود تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی میں داخل

پابندی کے باجود تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی میں داخل
سورس: file

کراچی :تحریک انصاف کے ارکان نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو ماننے سے انکار کردیا۔معطل ارکان  کی اسمبلی میں داخل ہوگئے۔زبردستی دروازے کھلوادیے ۔

 نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رکن عدیل احمد  اسمبلی کے دروازے پرچڑھ  گئے دروازہ کھولو کی صدائیں  لگائیں۔ بعد ازاں ارکان اسمبلی ڈھول والوں کے ساتھ اسمبلی میں داخل ہوگئے ۔پی ٹی آئی کے دیگر ارکان نے معطل ارکان کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

معطلی کے باوجود اسمبلی میں داخل ہونے پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سیکیورٹی کے لئے آئی جی کو کہہ دیا ہے۔

قبل ازیں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 اراکین پر پابندی عائد کردی تھی۔

اسپیکر نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ 28 جون کو ایوان کے اجلاس کے دوران اراکین صوبائی اسمبلی سعید احمد، رابستان خان، ارسلان تاج حسین، محمد علی عزیز، عدیل احمد، شاہ نواز جدون، بلال احمد اور راجا اظہر خان نے سندھ اسمبلی کی بے توقیری کی اور پارلیمانی روایات کو نقصان پہنچایا۔

آغا سراج درانی نے ایوان کی کارروائی کے رول 233 اور 257 کے تحت مذکورہ اراکین کی رواں سیشن میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا تھا اور اپوزیشن اراکین خصوصاً پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے اپنے رہنما کو ایوان سے خطاب کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کیا تھا۔

صوبائی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اس وقت شروع ہوئی جب اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کارروائی کے آغاز کے ساتھ پہلے تقریر کرنے کی کوشش کی، لیکن اسپیکر آغا سراج درانی نے یہ کہہ کر اجازت دینے سے انکار کردیا کہ پہلے سے شیڈول امور پر بات کی جائے گی اور اراکین کو ان کے نکات پر بعد میں بات کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

اس سے اپوزیشن اراکین نے اسپیکر کے خلاف احتجاج شروع کردیا، ایوان میں نعرے بازی کے دوران مظاہرین میں سے کچھ اراکین 'فولڈنگ چارپائی' لے کر آگئے اور اسے 'جمہوریت کا علامتی جنازہ' قرار دیتے ہوئے اسپیکر کے روسٹرم کے سامنے رکھنے کی کوشش کی۔