پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بھی اکثریت سے کامیاب  ہو کر اپنی حکومت بنائے گی :فردوس عاشق اعوان 

Firdous Ashiq Awan,PTI,

لاہور: معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی حکومت نے ٹھوک بجا کر بجٹ پاس کروایا ہے ،اب عمران خان کی قیادت میں ہی پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا،آزاد کشمیر میں اب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا شو نہیں چلے گا ،تحریک انصاف آزاد کشمیر میں اکثریت سے کامیاب بھی ہو گی اور اپنی حکومت بنائے گی ۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کیلئے وزیراعظم کی زیر قیادت حکومت بھرپور جدوجہد کر رہی ہے،پی ٹی آئی اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں،مودی کے یار باہر بیٹھ کر وزیراعظم پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی آزادکشمیر میں جتنا مرضی ڈرامہ رچا لیں انہیں شکست ہوگی،تماشائیوں اور ووٹرز میں فرق ہوتا ہے،آزاد کشمیر کا ووٹرز پاکستان کے ساتھ ہے،پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں اکثریت سے کامیاب ہوگی،پی ٹی آئی کامیاب ہوکر آزاد کشمیر میں بھی اپنی حکومت بنائے گی۔

فردوس عاش اعوان کا مزید کہنا تھا آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی کامیابی بلاول بھٹو کا بیان دیوانے کی بڑھک ہے،بلاول بھٹو جس فلم کو چلانے کیلئے آزاد کشمیر میں ہاتھ پاؤں مار رہے ہے وہ ناکام ہوچکی ہے،بلاول بھٹو آزاد کشمیر میں اپنے امیدوار ہی کھڑے نہ کرسکے،سندھ خصوصاً تھر میں بچے پانی کیلئے ترس رہے ہیں،سندھی اس وقت شدید غصے اور اضطراب میں ہیں،انہوں نے کہا بلاول بھٹو آزادکشمیر کے ٹھنڈے مقام سے نکل کر سندھ جائیں اور عوام کی سنیں،سندھ میں جو لوگ کتوں سے عوام کو نہیں بچاسکے وہ کیسے حکومت چلائیں گے،سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت کو نالے صاف کرانے کیلئے وفاق کی ضرورت ہے۔

مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا چچا اور بھتیجی میں جو میچ چل رہا ہے اس میں دیکھنا ہے کیا انہوں نے اجازت لی ہے،کیا بھتیجی چچا سے اجازت لے کر منہ زور ہوکر آزاد کشمیر جارہی ہیں،جنہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ گلابی پگڑیاں تبدیل کیں وہ عوام کو آج بھی یاد ہیں،آزاد کشمیر کے عوام کے زخموں کا مرہم صرف پی ٹی آئی کے پاس ہے۔

فردوس عا شق اعوان نے کہا آصف زرداری کی آج بھی نیب میں پیشی تھی،ان لوگوں کی جب نیب میں پیشیاں ہوں تو یہ بیمار ہو جاتے ہیں،جب ان کے سامنے مرغ مسلم آجائے تو یہ بالکل ٹھیک ہو جاتے ہیں،آصف زرداری کے پاس سندھ کیلئے اگر کوئی منصوبہ ہے تو اسے سامنے لائیں،آصف زرداری کی سندھ میں 13 سال حکومت پر آج عوام سراپا احتجاج ہیں،پیپلز پارٹی نے سندھ پر 13 سال حکومت میں سوائے کرپشن کے اور کسی چیز کو فروغ نہیں دیا۔