لاہور: لاہور کے علاقے گارڈن ٹاﺅن برکت مارکیٹ میں سلنڈروں کی دکان میں دھماکے، دھماکوں کے نتیجے میں تین دکانیں تباہ ہو گئیں ، دکانوں سے ملحقہ ورکشاپ اور پارکنگ ایریا میں کھڑی دس گاڑیاں ، موٹرسا ئیکلیں ، پک اپ جل گئیں ۔آگ لگنے کے باعث ایک شخص جھلس گیا،ریسکیو نے آگ پر قابو پالیا ۔
لاہور کے علاقے گارڈن ٹائون برکت مارکیٹ میں سیلنڈر بھرنے والی دکان میں سیلنڈر دھماکہ کے باعث ایک شخص زخمی ہو گیا تاہم دکانوں سے ملحقہ پارکنگ اور ورکشاپ میں کھڑی دس گاڑیاں ، رکشے، پک اپ اور موٹرسائیکلیں جل گئیں۔ گاڑیوں کے مالکان اپنا نقصان ہو جانے کے بعد بھی جائے وقوعہ سے گاڑیوں کا ملبہ نہ اٹھا سکے۔
کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان کا کہنا ہے کہ یہ کنفرم ہے کہ یہ دکان غیر قانونی تھی اس کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد نقصان کا اندازہ لگایا جائے گا۔نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، آگ لگنے سے جھلسنے والے رکشہ ڈرائیور محمد بوٹا کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
سلنڈروں کی دکان میں آگ لگنے کے بعد یکے بادیگرے دس سے پندرہ سلنڈروں کے دھماکے ہوئے ، جائے وقوعہ پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی ، پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی پولیس نے شہریوں کو آگے جانے سے روک کر تمام راستوں کو بند کر دیا
جائے حادثہ پر ڈیڑھ گھنٹہ تک فائر فائیٹنگ کا عمل جاری رہا۔ تاہم ریسکیو کی بارہ ایمرجنسی وہیکلز نے آپریشن میں حصہ لیکر آگ پر قابو پالیا ۔