نیو دہلی: دنیا بھر میں کورونا کے وار ایک بار پھر جاری ، کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا اب تک 92 ممالک میں پھیل چکا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں ایک بار پھر کورونا کیسز زیادہ ہونے کی وجہ سے مال اور سنیما بند کر دیے گئے ہیں ۔
آسڑیلیا کے شہر سڈنی ، کوئینز لینڈ اور مغربی آسٹریلیا میں بھارتی قسم ڈیلٹا تیزی سے پھیلنے لگی ۔ 9 جولائی تک لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔ برطانیہ میں کورونا کے 14 ہزار 876 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ۔ برطانیہ کے وزیر صحت نے 19 جولائی کو کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگر بھارتی وائرس کا مزید پھیلاؤ جاری رہا تو یہ دنیا بھر میں کورونا کیسز میں اکثریت حاصل کر لے گا ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے مزید 23 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 254 ہو گئی ۔
محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 735 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ملک بھر میں 41 ہزار 133 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.78 فیصد رہی ، ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 56 ہزار 392 ہو گئی ۔