امریکا نے پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کردیا  

10:07 AM, 29 Jun, 2021

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کو عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حفاظی ٹیکوں کی یہ کھیپ رواں ہفتے ہی پاکستان پہنچا دی جائے گی۔

موڈرنا ویکسین پاکستان میں کمزور قوت مدافعت اور دائمی امراض والے افراد کو لگائی جائے گی۔ موڈرنا ویکسین امریکا، یورپ اور متعدد ممالک میں تسلیم شدہ ہے۔

موڈرنا پاکستان کو ملنے والی دوسری امریکی کورونا ویکسین ہوگی اس سے قبل کوویکس پاکستان کو فائزر ویکسین فراہم کرچکا ہے۔ موڈرنا ویکسین بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو بھی لگائی جائے گی۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موڈرنا ویکسین پہنچنے کے فوراً بعد صوبوں کو فراہم کی جائے گی۔ ای پی آئی نے موڈرنا ویکسین کی ملک گیر ترسیل کا پلان تیار کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو فائزر کی ایک لاکھ سے زائد خوراکیںراہم کی گئی تھیں۔ کوویکس کے تحت بھی پاکستان کو آسٹرازنیکا، فائزر ویکسین فراہم کی جا چکی ہیں۔ موڈرنا کورونا ویکسین بھارتی ویرینٹ کیخلاف بھی موثر قرار دی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے خریدی گئی سائنو ویک ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں آج چین سے پاکستان پہنچ جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق سائنو ویک ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں کے علاوہ این آئی ایچ میں تیار پاک ویک ویکسین کی دوسری کھیپ حکومت کے حوالے کر دی گئی، آئندہ ماہ سے این آئی ایچ میں یومیہ ایک لاکھ پاک ویک ویکسین کی تیاری متوقع ہے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے سنیما اور شادی ہال کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ویکسین نہ لگوانے والے سنیما جاسکیں گے نہ شادی میں شرکت کرسکیں گے جبکہ کاروباری مراکز اب آٹھ کی بجائے رات 10 بجے تک کھل سکیں گے، ان فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوگا۔

مزیدخبریں