کراچی: سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کرے والے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 ارکان پر ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تحریک انصاف کے ارکان کے خلاف رول 233 اور 257 کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ جن اراکین پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں سعید آفریدی، رابستان خان، ارسلان تاج، ایم پی اے عدیل احمد،علی عزیز جی جی، شاہنواز جدون سمیت دیگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے خوب ہنگامہ آرائی کی گئی تھی۔ اپوزیشن اراکین احتجاج کرتے ہوئے ایوان میں چارپائی اور بستر لے آئے تھے۔
اپوزیشن اراکین کی طرف سے چارپائی اور بستر لانے پر ایوان میں شور شرابا شروع ہو گیا تھا۔ اراکین چارپائی کو لے کر ایک دوسرے کے اوپر اُچھالتے رہے ،اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا یہ جمہوریت کا جنازہ ہے۔
سپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے اس موقع پر اپوزیشن اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی حرکت اسمبلی کا طریقہ کار نہیں، آپ لوگ اسمبلی کے بے حرمتی کر رہے ہیں، یہ مناسب بات نہیں ہے۔
اپوزیشن ارکان کی طرف سے ہنگامہ آرائی اور شورشرابے سے باز نہ آنے پر سپیکر آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا ۔
سندھ اسمبلی کے ہال میں چارپائی پہنچنے کے واقعے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوالات اُٹھنے شروع ہو گئے کہ ایوان میں چارپائی اور بستر کیسے پہنچا؟
اپوزیشن جمہوریت کے جنازے کے لئے ایک فولڈنگ چارپائی ایوان کے اندر کیسے لائی؟ جو اپوزیشن نے کیا وہ غلط لیکن صوبائی اسمبلی کی سکیورٹی کیسے ناکام ہوئی؟
اتنی بڑی چارپائی ایوان کے اندر لائی گئی اور کسی کو نظر نہ آئی، کیا یہ سپیکر کی ناکامی نہیں ہے؟