نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں مبینہ ڈرون حملے کا الزام پاکستان پر دھرتے ہوئے اپنی اعلیٰ فوجی قیادت کو ہی ننگا کرنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بارودی ڈرونز کی پرواز نے ناکام بھارتی سکیورٹی کی قلعی کھول دی ہے۔
ہندوتوا کے نظریے پر گامزن بھارتی میڈیا پاکستان کیخلاف پراپیگنڈے میں مصروف ہے لیکن تاحال حملے کے ثبوت تک پیش نہیں کئے جا سکے۔
خیال رہے کہ سخت حفاظتی بندوبست کے باوجود جموں ائیر فورس سٹیشن پر 27 جون کی صبح ہونے والے دو دھماکوں نے کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ ان دھماکوں کی جانچ کا عمل جاری ہے تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ یہ حملہ کس طرح سے کیا گیا۔
انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی اندازے کے مطابق اس حملے میں ڈرون کا استعمال کیا گیا۔ اس طرح کے دھماکے پہلی مرتبہ دیکھنے کو ملے ہیں۔
انڈیا کے دفاعی ماہرین نے اس کا الزام سیدھا پاکستان پر دھرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس آئی نے اب یہ نئی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ انہوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون کے ذریعہ حملہ انجام دینے کے پیچھے پاکستان کی یہ سوچ کار فرما ہے کہ وہ دُنیا کے سامنے یہ ثابت کرسکے کہ وہ ان دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نہیں ہے۔