زلفی بخاری سے متعلق بیان دینے سے پہلے بلاول دماغ کا تھوڑا استعمال کرتے، فواد چودھری

12:31 AM, 29 Jun, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ زلفی بخاری سے متعلق بیان دینے سے پہلے بلاول اپنے دماغ کا تھوڑا استعمال کرتے لیکن انہوں ںے دماغ کا استعمال کرنے کے بجائے طوطے کی طرح افواہ پر تبصرہ شروع کردیا۔

وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا کہ غیرسنجیدہ سیاسی قیادت پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہے جبکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے رہنما افواہ کو عین عبادت سمجھ کر بول دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی نیٹ ورک سے اڑنے والی افواہ پر تبصرے شروع کر دیے جاتے ہیں۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایسا کوئی دورہ نہیں کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس سلسلے میں زلفی بخاری کی طرف سے دوٹوک بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اس سے قبل 18 دسمبر 2020 کو بھی وزارت خارجہ نے اسی طرح کی غلط خبروں کو مسترد کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی  ہے اور پاکستان نے القدس شریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے اور 2 ریاستی حل پر زور دیا ہے۔

مزیدخبریں