متحدہ عرب امارات نے تمام ملازمین کو 5 جولائی سے کام پرواپس بلا لیا

10:18 PM, 29 Jun, 2020

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے 5 جولائی سے تمام سرکاری ملازمین کو دفاتر میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔کورونا وائرس کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں مارچ میں دفاتر بند کردیے گئے تھے اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات دی گئیں تھیں تاہم اب حالات میں بہتری کے بعد حکومت نے دفاتر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی انسانی وسائل کی وفاقی اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 5 جولائی سے تمام سرکاری ملازمین دفاتر میں کام شروع کردیں گے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دفاتر سے کام کرنے والے ملازمین کی شرح 100 فیصد کی جائے گی تاہم دائمی امراض کا شکار رہنے والے ملازمین کواب بھی استثنیٰ حاصل ہے جس کے لیے انہیں میڈیکل رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔

اتھارٹی کے مطابق ملازمین دفاتر میں سماجی فاصلے اور گائیڈ لائنز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے اور اب تک 313 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد تقریباً 48 ہزار ہے۔

مزیدخبریں