پوپ فرانسس کے معتمد خاص پر جنسی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات

08:19 PM, 29 Jun, 2017

ویٹی کن سٹی :ویٹی کن سٹی: کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کے معتمد خاص اور ویٹی کن کے خزانچی کارڈینل جارج پیل پر جنسی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔جارج پیل نے ان الزامات کو ماننےسے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے آبائی ملک آسٹریلیا جاکر عدالت میں ان الزامات کا سامنا کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ ان پر عائد کیے گئے جنسی استحصال کے الزامات کردار کشی کی بدترین مثال ہے۔ جارج پیل نے کہا کہ جنسی استحصال ان کے نزدیک انتہائی مکروہ فعل ہے۔جارج پیل پر لگنے والے یہ الزامات کیتھولک چرچ پر ایک اور سیاہ دھبہ ثابت ہوئے ہیں جو کہ گزشتہ کئی برسوں سے جنسی استحصال کی رپورٹس کی وجہ سے پہلے تنقید کی زد میں ہے۔

آسٹریلین پولیس نے جارج پیل پر عائد کیے گئے الزامات کی تفصیل اور متاثرین کے نام ظاہر نہیں کیے البتہ اتنا ضرور بتایا ہے کہ پیل کے خلاف متعدد شکایتیں موجود ہیں اور عدالت میں ان کی پیشی کے موقع پر مکمل چارج شیٹ جاری کردی جائے گی۔ جارج پیل کو 18 جولائی کو میلبورن کے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

جارج پیل آسٹریلیا میں کیتھولک چرچ کے اعلیٰ ترین عہدے دار جبکہ ویٹی کین کے تیسرے اہم ترین عہدے دار ہیں، جنسی استحصال کے الزامات سامنے آنے کے باوجود پوپ فرانسس نے ان سے مستعفی ہونے کا نہیں کہا جو اس بات کا اشارہ ہے کہ پوپ فرانسس اس معاملے میں جارج پیل کو بے گناہ تصور کرتے ہیں۔

مزیدخبریں