لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقات کے لئے 4رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔چےئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم عرفان علی کمیٹی کے سربراہ جبکہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس طارق سلیم ڈوگر، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔
کمیٹی آئل ٹینکرکے الٹنے اوراس میں آگ لگنے کے المناک واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی اوراس واقعہ کے حوالے سے کمیٹی مقامی پولیس ،موٹر وے پولیس اورمقامی انتظامیہ کی جانب سے واقعہ کے بعداٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے گی اور یہ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ ان اداروں کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پربروقت پہنچ کر نقصانات روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے؟۔کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے آئندہ پانچ روز میں وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرے گی۔