ڈیرہ غازیخان سے اغواہونے والی لڑکی کی بازیابی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

04:59 PM, 29 Jun, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  ڈیرہ غازیخان سے اغواہونے والی لڑکی کی بازیابی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزمان کی جانب سے لڑکی کو بیرون ملک سمگل کئے جانے کا امکان ہے, اس لئے درخواست کی سماعت 3جولائی کو مقرر کی جائے۔

مبینہ طور پر مغوی 17سالہ لڑکی انیس کی والدہ رشیدہ بی بی کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کی بیٹی کودراہما پولیس اسٹیشن ڈیرہ غازیخان کی حدود سے اغوا کرلیا گیا ہے اور ملزمان اسے بیرون ملک بھجوانا چاہتے ہیں اور پولیس ملزمان سے ساتھ مل چکی ہے اس لئے عدالت عظمی بیٹی کی بازیابی کا حکم جاری کرے۔

خاتون کا درخواست میں کہنا ہے کہ ملزمان نے اس کی دو بیٹیوں کو اغوا کرلیا تھا تاہم ایک کو بازیاب کرالیا گیا لیکن دوسری ملزمان کی تحویل میں ہے ۔

درخواست میں آئی جی پنجاب پولیس ، آر پی او، ڈی پی او ڈیرہ غازیخان، متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او اور 4ملزمان سمیت 9افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزارخاتون کا کہنا ہے کہ ان کے خاوند محکمہ پولیس میںسپاہی ہیں لیکن طاقتور ملزمان کے سامنے ان کا خاندا ن بے بس ہے اس لئے عدالت عظمی ان کی دادرسی کرے۔

مزیدخبریں