لاہور: تحریک لبیک کے نائب امیر ظہیر الحسن شاہ کو چیف جسٹس کو قتل کی دھمکی دینے پر گرفتار کرلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے نائب امیر ظہیرالحسن شاہ کو اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا ہے، ظہیرالحسن شاہ اوکاڑہ میں نامعلوم مقام پر چھپے ہوئے تھے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو قتل کی دھمکی دینے پر تحریک لبیک کے نائب امیر پیر ظہیرالحسن شاہ پر ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں اعلیٰ عدلیہ کودھمکی،کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
وفاقی حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف قتل کے فتوے پر سخت ایکشن لینے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزراءاحسن اقبال اور خواجہ آصف نے کہا کہ چیف جسٹس کے قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو اس طرح کی شرانگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی