اسلام آباد :پاکستان کی فچ ریٹنگ میں بہتری، ٹرپل سی سے بڑھ کر ٹرپل سی پلس ہوگئی ۔ فچ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ بہتر کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کریڈٹ ریٹنگ بہتری سے پاکستان کا عالمی مارکیٹ میں اعتماد بحال ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے قرض دینے میں پاکستان پر اعتماد کریں گے۔فچ ریٹنگ ایجنسی نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کے بعد ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف بھی کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان کی بیرونی فنڈنگ رسائی بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے باعث ریٹنگ اپ گریڈ کی گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف ایگڑیکٹو بورڈ اجلاس کی منظوری سے قبل پاکستان کو چین، سعودی عرب، یو اے ای سے باہمی معاہدوں کےقرض کو رول اوور کروانا ہوگا۔
پاکستان کو ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بڑھانے کے لیے مزید 3 فیصد اضافےکی ضرورت ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے سے عالمی مارکیٹ بانڈز کا اجرا بہتر ہو سکے گا۔