اسلام آباد :راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اس وجہ سے نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے پر سائرن بج گئے ہیں۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی اور ہائی الرٹ ہے ۔ بارش کے باعث نالئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ سائرن بجادیے گئے۔
راولپنڈی میں بنی چوک ،کمیٹی چوک ، موچی بازار، سمیت کئی نشیبی علاقے متاثر ہیں۔ نشیبی علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظرپیش کرنے لگیں ، پانی کے ریلے کے باعث شہری رسیوں کی مدد سے سڑک عبورکرنے لگے۔بنی چوک ، کمیٹی چوک اورتیلی محلہ کے مکین بھی گھروں میں پانی داخل کے باعث مشکلات کا شکار رہے، سواں گارڈن سوسائٹی میں پانی بیسمنٹ میں داخل ہوگیا جبکہ اب تک 67 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد واسا نے پری الرٹ جاری کردیا ہے۔ ایم ڈی واسا کے کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں، نالہ لئی کے اطراف آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ ندیم کالونی اور جاویدکالونی کےمکینوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ایم ڈی واسا کے مطابق بارشوں کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر پانی کا لیول 4 فٹ ہے، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ ہوگئی جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔
ایم ڈی واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔حکام کے مطابق واسا ٹیمیں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔