چیف جسٹس آف پاکستان کو دھمکی دینے پر نائب امیر ٹی ایل پی  کیخلاف مقدمہ درج

02:52 PM, 29 Jul, 2024

لاہور:  چیف جسٹس آف پاکستان  قاضی فائز عیسیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما ظہیر الحسن شاہ کے خلاف لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن نے اعلی عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی، ٹی ایل پی کے نائب امیرسمیت 1500 کارکنوں پر مقدمہ ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے، اعلی عدلیہ کو دھمکی،کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔


 قبل ازیں وفاقی حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف قتل کے فتوے پر سخت  ایکشن  لینے کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزراءاحسن اقبال اور خواجہ آصف نے کہا کہ چیف جسٹس کے قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو اس طرح کی شرانگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزیدخبریں