ملک بھر میں 10 محرم الحرام کے جلوس سخت سیکیورٹی میں مقررہ منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر

06:04 PM, 29 Jul, 2023

اسلام آبادر: ملک بھر میں 10 محرم الحرام کے ماتمی جلوس سکیورٹی کےسخت انتظامات میں روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ منزل پر پہنچ کر پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوگئے۔

ملک بھر میں آج یوم عاشور (10 محرم الحرام) مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس کا مقصد میدان کربلا میں سخت ترین مصائب کا سامنا کر نے کے باوجود حق اور سچ کا پرچم تھام کر اپنی اور اپنے رفقا کی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ و دیگر شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں  ماتمی جلوس نکالے گئے جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا گیا۔  جبکہ مختلف شہروں میں موبائل فون سروسز معطل رہیں۔

کراچی میں 10ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا۔

اسلام آبادمیں مرکزی جلوس قصر زینبیہ سے نکالا گیا، جبکہ لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے  ہوتا ہوا  کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ پر واقع امام بارگاہ حسینیہ سید آباد سے شروع ہوا اور توغی روڈ، لیاقت بازار اور پرنس روڈ سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ پر پہنچے گا، جہاں رات 8 بجے کے قریب اختتام پذیر ہوگا۔

صدر مملکت عارف علوی نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا کربلا نے حقیقی تعلیمات کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کیں۔ شہادت امام حسینؓ کا فلسفہ ظلم و جبر کے خلاف ہر قیمت پر ڈٹ جانا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا حضرت امام حسینؓ نے اصحاب اور اہل بیت کیساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم اور ناانصافی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ امام حسینؓ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان  اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کیخلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔

مزیدخبریں