راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بیلجیئم سے باہمی مفاد کیلئے تعلقات اور تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بیلجیئم کے سفیر نے ملاقات کی اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان کی صورتحال اور دفاعی شعبے میں تعاون پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان بیلجیئم سے باہمی مفاد کیلئے تعلقات اور تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔ ملاقات کے دوران بیلجیئم کے سفیر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور سفیر نے افغان امن عمل میں بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔