اسلام آباد: اٹلی کے لیے پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے کہا ہے کہ اٹلی نے پاکستان کو 2022 کے لیے سیزنل ورک ویزا کی لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔
اٹلی میں کام کے لئے جانے کے خواہشں مند پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ باقی ممالک کی طرح اٹلی نے پاکستان کو بھی 2022 کے لیے سیزنل ورک ویزا کی لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان سفیر جوہر سلیم نے کہا ہے کہ ، سیزنل ورک ویزا پاکستانی لیبر فورس کے لیے بڑی خوش خبری ہے۔
جوہر سلیم کے مطابق عالمی وبا کے باوجود پاکستان کی اٹلی کو برآمدات میں 9.1 فی صد اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی برآمدات گزشتہ سال 786 ملین ڈالر رہی جو بلند ترین سطح ہے جبکہ دوسری طرف وبا کے باعث غیر یورپی ممالک سے اٹلی کی درآمدات میں 14 فی صد کمی ہوئی۔
انھوں نے کہا پاکستان نے 300 ملین ڈالر کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کیا ہے، اٹلی میں چاول کی مجموعی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ 37.4 فی صد ہے اور پاکستانی باسمتی کو اٹلی زیادہ پسند کیا گیا ہے۔
پاکستانی سفیر جوہر سلیم کے مطابق پاکستانی ورکرز نے بلند ترین 601 ملین ڈالر بطور ترسیلات زر بھیجے، یوں اٹلی سے پاکستان کو ترسیلات زر میں 66 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔