وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی شاہ بحرین کو دورہ پاکستان کی دعوت

08:48 PM, 29 Jul, 2021

مناما:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہ بحرین کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مناما میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے ملاقات کی ۔دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ  خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو وزیر اعظم عمران خان اور صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے شاہی خاندان اور بحرینی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،اور کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھنے پر شاہ بحرین کا شکریہ  ادا کرتے ہوئے  پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی پر شاہ بحرین کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن ،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے، دو طرفہ تجارتی، اقتصادی و کثیر الجہتی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، یکساں مذہبی ،ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار ہیں - دسمبر 2019 میں شاہ بحرین کی دعوت پر، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے ان تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہوئی  ۔

وزیر خارجہ نے سلطنت بحرین کی جانب سے اسلام آباد میں "کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل ہسپتال" کا تحفہ دینے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، اسے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط اور مستحکم دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے، شاہ بحرین حمد بن عیسی الخلیفہ کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ 

 بحرین کے فرمانروا  شاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں، پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ۔

مزیدخبریں