پانچ سالہ بچے کی قاتل " بشریٰ بی بی " نکلیں

07:08 PM, 29 Jul, 2021

قصور :  پنجاب کے شہر قصور میں پانچ سالہ بچے کی قاتل سگی تائی نکلی ، پولیس نے شک کی بناء پر شامل تفتیش کیا تو خاتون نے اعتراف جرم کرلیا ۔

 پتوکی کے علاقے حبیب آباد میں پانچ سالہ بچے فرمان کی لاش  گھر میں بستر کے نیچے سے برآمد ہوئی تھی، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ فرمان کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی اور اہل خانہ کے بیانات قلم بند کئے۔

 ضلعی پولیس افسر عمران کشور نے کیس میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بتایا کہ  فرمان کو اُس کی تائی نے قتل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تائی بشریٰ بی بی نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فرمان کے والد سے اپنی بہن کا رشتہ کرانا چاہتی تھی، ناکامی کی صورت میں انتہائی قدم اٹھایا۔

 پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران بشریٰ بی بی کے گھر سے فرمان کے جوتے ملے تھے ، جس کی بنیاد پر انہیں حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

پولیس نے فرمان کی تائی ملزمہ بشری بی بی کو باقاعدہ گرفتار کرلیا۔ عمران کشور کے مطابق کیس کی تفتیش جاری ہے۔

مزیدخبریں