لاہور: حکومت پنجاب نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس مزید مہنگی کر دی ہیں۔ کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے بھی نمبر پلیٹس مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت موٹر کار اور جیپ کی نمبر پلیٹوں کی قیمتوں میں 300 روپے کا اضافہ کر دیا موٹر کار، جیپ اور کمرشل وہیکل کی نمبر پلیٹوں کی قیمت 1200 سے 1500 کر دی گئی ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق اب موٹرسائیکل اور رکشہ کی نمبر پلیٹس 1000 روپے میں ملیں گی۔
سرکاری اداروں کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس 1600 اور سیمی گورنمنٹ وہیکل کی نمبر پلیٹس 1500 روپے میں بنائی جائیں گی۔ حکومت پنجاب نے نمبر پلیٹس کی ترسیل کے کورئیر چارجز بھی عوام سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔