سعودی حکومت نے شہریوں کو جلدازجلد ویکسین لگوانے کی ہدایت کردی

04:06 PM, 29 Jul, 2021

ریاض : سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے صحت یاب ہونے کے 10 دن بعد ویکسین لگوائی جاسکتی  ہے ۔

سعودی وزارت صحت  کے مطابق  تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا مریض کیلئے صحت یابی کے 10 دن بعد ویکسین لینا انتہائی مفید ثابت ہوگا۔

کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ ویکسین کی دو خوارکیں لی جائیں تاہم وائرس لاحق ہونے پر ایک خوراک کافی رہتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے کورونا وائرس لاحق ہونے کے بعد ویکسین لینے کے لیے 8 ماہ کا وقفہ دیا جاتا تھا۔سعودی وزارت صحت نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں ویکسین لگوالیں تاکہ وبا سے محفوظ رہیں ۔

قبل ازیں سعودی عرب نے کورونا ویکسین کی آمیزش سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی تشویش کو مسترد ‏کرتے ہوئے ویکسینز کے ملاپ کو محفوظ قرار دیا تھا۔

رواں ماہ ایک بیان میں سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا تھا کہ مملکت میں منظور شدہ ‏ویکسین کی آمیزش کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھاکہ عالمی ادارہ صحت کی ویکسین کی آمیزش سے متعلق ‏مؤقف درست نہیں، بین الاقوامی تحقیق اور مختص سائنسی کمیٹیوں کی بنیاد پر ہم باور کراتے ہیں ‏کہ سعودی عرب میں ہمارے پاس منظور شدہ ویکسینز کی آمیزش محفوظ ہے یہ اقدام عالمی ادارہ ‏صحت اور کئی ملکوں میں منظور شدہ ہے۔

مزیدخبریں