اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران 36.63 فیصد کی شرح سے نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران چین کو پاکستانی برآمدات میں 22.79 فیصد جبکہ چین سے درآمدات میں 39.02 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.043 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 22.79 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2020ء میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.663 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جون 2021ء میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 211.15 ملین ڈالر رہا جو جون 2020ء کے 128.22 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 64.67 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021ء میں چین سے درآمدات میں مالی سال 2020ء کے مقابلہ میں 39.02 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی ہے۔
گزشتہ مالی سال میں چین سے درآمدات کا حجم 13.302 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2020ء میں چین سے درآمدات کا حجم 9.568 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جون 2021ء میں چین سے درآمدات پر 1.841 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا، جون 2020ء میں چین سے 1.312 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔