پی ٹی آئی کے پاس عمران خان نہیں توپی ٹی آئی کچھ نہیں، شبلی فراز

05:08 PM, 29 Jul, 2020

لاہور: وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس عمران خان نہیں توپی ٹی آئی کچھ نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ملاقات کی جس میں  باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور میڈیا حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس دوران دونوں وزرا نے حکومتی کارکردگی کے حوالے سے اقدامات کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کہ  تحریک انصاف کی حکومت کا فوکس عوام کے حقیقی مسائل پر ہے اور میرٹ کی حکمرانی تحریک انصاف کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، اگر پی ٹی آئی کے پاس عمران خان نہیں توپی ٹی آئی کچھ نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہوگی، ہماری کارکردگی کے سب سے بہترین جج پاکستان کے عوام ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ   مائنس ون کی باتیں اپوزیشن کے ذہن کی اختراع ہیں،اب سیاسی یتیم پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں اور اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا ہے اس لیے عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھا رہا ہے،  عمران خان اپوزیشن سمیت کسی کےدباؤ میں نہیں آئےگا، اپوزیشن ذاتی مفادات کے لیے سودے بازی کرنا چاہتی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ مجرم کہیں کہ جیلوں کوبند کردیں اور انہیں  این آر او دے دیں، عیدکے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔

بلاول بھٹو پر پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول نے ذاتی فائدے کیلئے ملکی مفاد قربان کردیا، بلاول بھٹو سندھ کو سنبھالیں، انہوں نے اپنی قومی جماعت کو علاقائی جماعت بنا دیا ہے۔

مزیدخبریں