لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناقص کارکردگی پر متعدد افسران کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے شہر کا دورہ کیا، اس دوران ناقص کارکردگی پر انھوں نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او مغلپورہ سمیت متعدد افسران کو معطل کر دیا۔ پناہ گاہوں کے ناقص انتظامات پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بھی معطل کر دیے گئے، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ایس پی صفدر کاظمی کی ناقص کارکردگی پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اظہار برہمی کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوپر روڈ، منٹگمری روڈ، ایبٹ روڈ، ایمپرس روڈ، ریلوے اسٹیشن روڈ، مغلپورہ لنک روڈ، گڑھی شاہو روڈ کا بھی دورہ کیا، عثمان بزدار باغبانپورہ، کینال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیو وارڈ روڈ بھی گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تھانہ مغلپورہ اور تھانہ شادمان سمیت، ریلوے سٹیشن کے قریب پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا، دورے کے دوران عثمان بزدار نے لاہور میں شہری سہولتوں کا جائزہ لیا، متعدد افسران کو ناقص کارکردگی پر معطل کرتے ہوئے انھوں نے کہا جو کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انھوں نے 3 گھنٹے تک شہر میں صفائی کی صورتحال، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا، تھانوں میں بھی گیا اور لوگوں کے مسائل سنے، پناہ گاہ میں بھی مقیم لوگوں سے ملا اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ جہاں کمی، کوتاہی نظر آئی، ذمہ داران کا تعین کر کے کارروائی کی گئی، میں آئندہ بھی اسی طرح سرپرائز وزٹ کروں گا۔