مثالی محبت‘دو بھائی یکے بعد دیگرے خالق حقیقی سے جا ملے

مثالی محبت‘دو بھائی یکے بعد دیگرے خالق حقیقی سے جا ملے


ریاض: سعودی عرب میں دو بھائیوں کی مثالی محبت سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بھائی کا انتقال ہوا تو اس کے چند گھنٹوں بعد ہی اس کے دوسرے بھائی کو بھی موت نے آلیا۔

عرب ٹی وی کے مطابق وفات پانے والے محمد آل مداوی اور ان کے بھائی کا تعلق سعودی عرب کے صوبے جازان میں الدرب ضلع سے ہے۔محمد آل مداوی نے اس دنیا سے رختِ سفر باندھا۔

ان کی وفات سے ایک دن قبل ان کے چھوٹے بھائی سعید کی وفات ہو چکی تھی۔ سوشل میڈیا پر دونوں بھائیوں کی درجنوں تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں۔ ان تصاویر میں وہ دونوں مختلف مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔

محمد آل مداوی کے بیٹے مفرح نے بتایا کہ میرے والد کا اپنے بھائی کیساتھ بہت قلبی تعلق تھا۔ دونوں بھائی پوری زندگی ہر معاملے میں پڑوسی بن کر رہے۔پہلے دن چچا سعید فوت ہوئے۔

ہم نے اپنے والد کو تدفین سے چند لمحوں قبل اس کی خبر دی کیوں کہ ہمیں ان کو شدید صدمہ ہونے کا اندیشہ تھا۔تاہم انہوں نے تو خود شدید رنجیدگی کے ساتھ ہمیں اس بات سے آگاہ کیا کہ وہ اپنے بھائی کے پاس جا رہے ہیں اور اگلی صبح میرے والد بھی اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔

انہیں اپنے بھائی کے پہلو میں دفن کیا گیا۔