لاہور: ملک بھر میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ شہریوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف و اندوز ہونے لگی۔
پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، کندیاں، میانوالی، چونیاں اور گردونواح میں بھی باران رحمت وقفہ، وقفہ سے ہوتی رہی۔
اُدھر سیالکوٹ میں دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 27 ہزار 702 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کا اخراج ایک لاکھ دو ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ جموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد 11 ہزار 868 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
کندیاں میں بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔ بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور بیراج میں پانی کی آمد 273030 لاکھ کیوسک جبکہ اخراج 262842 کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔