لندن: برطانیہ کی ایک نئی کمپنی نے ایسے منفرد سمارٹ سپیکر متعارف کرائے ہیں، جنہیں دیکھ کر کئی لوگ حیران رہ گئے۔انسانی کھوپڑی کی طرز پر بنائے گئے کسی روبوٹ کی طرح نظر آنے والے سمارٹ سپیکرز کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں انسان کی طرح 2 آنکھیں بھی ہیں، جن میں ہائی ریزولیشن کیمرے نصب ہیں۔
برطانیہ کی کمپنی اے سی ڈبلیو کی جانب سے ہولی ووڈ فلم سیریز ٹرمینیٹر کے روبوٹ کرداروں سے متاثر ہوکر بنائے گئے سمارٹ سپیکرز کو فی الحال آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ان سپیکرز کا نام بھی ’ٹرمینیٹر‘ ٹی 800 رکھا گیا ہے، ان کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں کیمرے سمیت موسم کا حال بتانے جیسے فیچر بھی رکھے گئے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث یہ اسپیکر ایمازون سمیت دیگر سپیکر سے زیادہ بہتر ہیں۔ٹرمینیٹر ٹی 800 وائی فائی اور بلیو ٹوتھ سے بھی کنیکٹ ہوں گے، جب کہ ان میں ہینڈز فری بھی لگائی جاسکے گی۔یہ سپیکر ایک نئی کمپنی نے متعارف کرائے ہیں، جو فی الحال سرمایہ کاروں کی تلاش میں ہے، تاہم کمپنی نے اسپیکرز کو آن لائن فرخت کے لیے پیش کردیا ہے۔اسپیکرز کی رقم 316 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، جب کہ کمپنی کو ان اسپیکرز کو دنیا بھر میں بڑے پیمانے تک متعارف کرانے کیے ایک لاکھ 76 ہزار ڈالر سے زائد فنڈ کی ضرورت ہے۔