کیپ ٹاؤن: چار سال قبل تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کرکٹ میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔اے بی ڈی ویلیئرز نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک بار پھر میدان میں کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔
ڈی ویلیئرز نے 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، لیکن 2021 تک فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہے۔ پھر 2021 میں انہوں نے تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اور ان کا آخری میچ آئی پی ایل میں رائل چیلنجز بنگلور کے لیے تھا۔
اب اے بی ڈی ویلیئرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن میں جنوبی افریقا چیمپئنز کی نمائندگی کریں گے اور اس کے علاوہ ٹیم کی قیادت بھی کریں گے۔
کرکٹ میں واپسی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے کہا کہ انہوں نے چار سال پہلے جب کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، تو ان میں کھیلنے کی کوئی خواہش نہیں تھی، لیکن اب وقت گزرنے کے بعد اور ان کے بیٹے کے کرکٹ کھیلنے کے آغاز کے بعد، انہیں محسوس ہوا کہ کرکٹ کھیلنے کا شوق دوبارہ جاگ اٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ دوبارہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے جم اور نیٹس میں جا کر تیاری کر رہے ہیں، اور جولائی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ان کی واپسی پر کرکٹ کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور وہ بے صبری سے ان کا ایکشن میں دوبارہ دیکھنے کے منتظر ہیں۔