لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کا ذکر کیے بغیر کچھ لوگوں کی سیاست آج بھی ادھوری ہے۔
بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ این آر او کا متلاشی اصل میں آپ کا لیڈر اور اس کا خاندان ہے، اس میں نوازشریف کا کوئی قصور نہیں۔ مریم نواز کو پنجاب کے عوام کی خدمت سے فرصت نہیں، اور مذاکرات کا بخار بھی آپ ہی کو چڑھا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل میں قید کو نوازشریف نے نہیں کہا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی بغاوتیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کو ڈیل کی امید نہ ہونے کی وجہ سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جو شخص چور دروازے اور امپائر کی انگلی پر چلنے کی سیاست کرتا ہو، وہ بات چیت پر یقین نہیں رکھتا۔ ایسے شخص کی سیاست ہمیشہ سہاروں پر ہوتی ہے اور وہ کبھی سچا رہنما نہیں بن سکتا۔ کوچ کی ہدایات پر چلنے والا شخص آج اپنے کوچ کے پکڑے جانے کے بعد سیاسی طور پر یتیم ہو چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جو شخص صرف اپنے مفاد کو دیکھے، اس سے بات چیت کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ وقت کی ستم ظریفی یہ ہے کہ وہ شخص جو کبھی چوروں، ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کو جیل میں ڈالنے کی بات کرتا تھا، آج 9 مئی کے دہشت گرد اور توشہ خانہ کے چور این آر او کے لیے چور دروازے تلاش کر رہے ہیں