اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری نے صحافیوں کے تحفظات کے پیش نظر متنازع پیکا ترمیمی بل پر دستخط روک دیے ہیں۔ پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ذریعے صدر سے رابطہ کیا اور اپنے تحفظات پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کے تحفظات صدر مملکت تک پہنچا دیے، جس کے بعد آصف زرداری نے اس بل پر دستخط کرنے سے گریز کیا۔ صدر مملکت کے اس اقدام کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی اور صحافتی تنظیموں کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے تاکہ پیکا ترمیمی بل کے حوالے سے بات چیت کی جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی پیکا ترمیمی بل کو منظور کیا تھا، جس پر اپوزیشن رہنماؤں اور صحافیوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔ پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے ارکان کا کہنا ہے کہ ان کے تحفظات کو تسلیم کیا جانا خوش آئند ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔