اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے چینی سال نو اور موسم بہار کے تہوار پر چینی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے خط میں آصف زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان "آہنی دوستی" کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بیجنگ میں چینی صدر سے ملاقات کے منتظر ہیں تاکہ دوطرفہ تعاون اور دوستی کے بندھن کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
آصف زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں ون چائنہ پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار تزویراتی تعاون کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے اس تعلقات کو مضبوط بنانے میں دونوں ممالک کی قیادت کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
صدر مملکت نے چینی صدر کی بصیرت انگیز قیادت کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر پاک چین اقتصادی راہداری کی ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چین کی مختلف شعبوں میں 2024 میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔ آخر میں، آصف زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کو سراہا اور چینی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔