لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کے لیے پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی (PSPA) قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ہاؤسنگ سوسائٹیز کی غیر قانونی ترقی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمرشل اور رہائشی علاقوں کے لئے یکساں رنگ اور ڈیزائن کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گھروں کو ماحول دوست، واک ایبل اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے اقدامات پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔
اس دوران لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون پر پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کی بچت کی اطلاع دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔اجلاس میں اضلاع میں ڈسٹرکٹ سپیشل پلاننگ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر، واپڈا، سوئی گیس، واسا اور دیگر سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ، اراضی کے غیرقانونی استعمال کو روکنے کے لیے وائلیشن ٹریکنگ میکنزم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے ذریعے ڈیجیٹل وال پر اراضی کے غلط استعمال کی نشاندہی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ درخواستوں کی فاسٹ ٹریک پر منظوری کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہاؤسنگ سیکٹر کی زیر التواء درخواستوں کو فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم ٹاؤن پلاننگ مستقبل کی ضمانت ہے، اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اربن ایریاز میں بے ہنگم اور غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بن رہی ہیں۔