وقت آگیا ہے کہ پاکستان استحکام کے راستے پر چلے، احسن اقبال

وقت آگیا ہے کہ پاکستان استحکام کے راستے پر چلے، احسن اقبال

لندن : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اربوں ڈالرز کے ذخائر موجود ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک استحکام کے راستے پر گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا ہوگا اور یہ اڑان پاکستان حکومت کا نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کا ایجنڈا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور بلوچستان میں تانبے کے ذخائر نکالنے کے لیے کام جاری ہے۔ چینی کمپنیاں بھی بلوچستان کے ذخائر میں دلچسپی لے رہی ہیں، جبکہ سعودی عرب نے پاکستان کے قدرتی ذخائر پر سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اگلے 10 سے 12 سال میں بلوچستان پاکستان کا سب سے امیر صوبہ بنے گا اور ان کا مقصد یہ ہے کہ وہاں سے نکلنے والے ذخائر کا خام مال باہر نہ جائے بلکہ وہیں پر اس پر کام ہو۔

احسن اقبال نے گوادر کے حوالے سے کہا کہ چین نے گوادر میں ہسپتال اور سکول تعمیر کیے ہیں اور مقامی کمیونٹی کے لیے اسکالرشپ بھی فراہم کی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی کے دور میں گوادر کے لیے فنڈز روکے گئے تھے اور گوادر پورٹ کی تعمیر بھی رک گئی تھی، تاہم ان کی حکومت نے گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کیے ہیں اور ایئرپورٹ کی تعمیر مکمل کی۔

مصنف کے بارے میں