اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ ہمیں پوری دنیاکے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنا ہوگا، مہنگائی، بیروزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان واقعی خطرے میں ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمیں پوری دنیاکے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنا ہوگا، مہنگائی، بیروزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان واقعی خطرے میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی معاشی معاہدے کو میں نے ماہرین کے ساتھ مل کر خود تیار کیا ہے۔سیلاب کے بعد ہمیں اس مسئلے کی سنگینی کی سمجھ آئی، جو گلگت بلتستان سے ہیں انہیں یہ بات معلوم ہوگی کہ کرہ ارض پر کہیں بھی برف کا سب سے بڑا ذخیرہ پاکستان کے ہمالیہ کے علاقے میں ہے، جب یہ برف پگھلے گی تو اس کا نقصان لوگوں کو ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے 18 مہینے حکومت میں گزارے ہیں، میں جانتا ہوں اسلام آباد کی بیوروکریسی کی ذہنیت کیا ہے وہ یہ ہے کہ نا وہ خود کچھ کرنا چاہتے ہیں اور نا کسی کو کچھ کرنے دینا چاہتے ہیں، اور کچھ ایسی طاقتور لابیز ہیں جو معاشرے اور حکومت پر اثر انداز ہوتے ہیں اور کوئی بھی حکومت یہ فیصلہ کرے کہ ہم ان کی وزارتیں ختم کردیں گے تو ایک طاقتور رد عمل آئے گا۔
یہ میری نئی سوچ ہے میں اسی کو بتانا چاہتا ہوں، یہ میرا کیس ہے آپ کے سامنے کہ مسائل بہت ہیں لیکن بڑے مسئلوں کے لیے سادہ حل نکالے جاسکتے ہیں۔ہم نے یہ سوچا اور سمجھا کہ جو روایتی طریقے کار ہیں اس ملک میں اشرافیہ کو نوازنے کے وہ ناکام ہوگئے ہیں، ہمیں اب براہ راست غریب کی مدد کرنی ہوگی۔