اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، ملک کی ایک بڑی جماعت اور اسٹیبلشمنٹ میں خلیج بدقسمتی ہے اور یہ سازش بھی ہو سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران پی ٹی آئی منشور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کا انتخاب براہ راست ہونا چاہیے کیونکہ عوام کو اپنا وزیراعظم خود منتخب کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح 50 فیصد سینیٹرز کا بھی براہ راست انتخاب ہونا چاہیے، اس سے ہارس ٹریڈنگ کم ہوگی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بھی یہی خواہش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی اصلاحات ضروری ہیں، ایک ٹُروتھ کمیشن بننا چاہیے اور یہ پاکستان کے لیے اہم ہے۔اب بہتر یہ ہے کہ آگے بڑھا جائے، جو ہو گیا سو ہو گیا۔
نواز شریف کے پختونوں سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پشتون نواز شریف سے پوچھیں کہ بے وقوف کون ہے؟، پختون 8 فروری کو نواز شریف کے بیان کا بدلہ لیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے متعلق بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ قابلِ شرم بات ہے کہ بلاول بھٹو اپنے منشور کی بجائے آزاد امیدواروں پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔