کراچی: پاکستان سپرلیگ 7 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز بالخصوص نسیم شاہ کی شاندار باؤلنگ کے سامنے کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 113 رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی اور کوئٹہ کو جیت کیلئے 114 رنز کا ہدف دیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیتنے پر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کپتان بابراعظم اور شرجیل خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم شرجیل خان صرف 10 رنز بنا کرسہیل تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
مجموعی سکور 18 تک پہنچا تو جو کلارک صرف 2 رنز بنا کر سہیل تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے جس کے بعد ٹم لیمونبی کو نسیم شاہ نے شکار کر لیا اور اگلی ہی گیند پر خطرناک بلے باز محمد نبی کو بھی صفر کے انفرادی طور پر پویلین کی راہ دکھا دی۔
صرف 34 کے مجموعی سکور پر لوئس گریگوری بھی 5 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے اور محمد طحہ 6 کے انفرادی سکور پر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ایک جانب وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب بابراعظم ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش میں مصروف رہے تاہم 32 کے مجموعی طور پر وہ بھی محمد حسنین کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اننگز کے 13 ویں اوور میں 81 کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز کو آٹھواں نقصان عامر یامین کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی اور جیمز فالکنر کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں باؤنڈری کے قریب کیچ ہو گئے۔ 95 کے مجموعی سکور پر محمد الیاس 7 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز عماد وسیم تھے جنہوں نے 26 رنز بنائے اورنسیم شاہ کی گیند پر ول سمیڈ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3.2 اوورز میں 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سہیل تنویر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین، محمد نواز اور جیمز فالکنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، جو کلارک، محمد نبی، ٹم لیمونبی، لوئس گریگوری، عماد وسیم، عامر یامین، محمد عمران جونیئر، محمد طحٰہ خان اور محمد الیاس شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ول سمیڈ، احسان علی، بین ڈکٹ، افتخار احمد، سہیل تنویر، محمد نواز، محمد حسنین، جیمز فالکنر، نسیم شاہ اور محمد عاشر قریشی شامل ہیں۔