اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کے بعد کراچی کے شہریوں کو بھی قومی صحت کارڈ فراہم کرنے پر غور شروع کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاق نے کراچی کے شہریوں کو بھی قومی صحت کارڈ فراہم کرنے پر غور شروع کردیا،وفاقی وزارت صحت کے مطابق کراچی کے تمام مستقل رہائشیوں کو صرف 16ارب روپے سالانہ میں صحت کارڈ فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اگر سندھ حکومت نے اس پروگرام میں شمولیت اختیار نہ کی تو وفاق اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں حکمرانوں کو کھانسی بھی آتی ، تو علاج کیلئے باہر چلے جاتے ، پاکستان میں سسٹم صرف اشرافیہ کے لئے بن کر رہ گیا ۔ اب غریب کو بھی بہتر صحت کی سہولیات میسر ہونگی، صحت کارڈ جیسی سہولیات دنیا بھر میں کہیں نہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں قومی صحت کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امیر کیلئے پرائیویٹ اسپتال اور غریب کیلئے سرکاری اسپتال رہ گئے جس سے سرکاری اسپتال کا معیار بھی گرتا رہا۔دیہات میں لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر نہیں، دیہات کے اسپتالوں میں ڈاکٹر بھی نہیں جاتے، صحت کارڈ کے ذریعے کوئی بھی شخص نجی اسپتال میں علاج کے لئے جاسکتا ہے۔ہر خاندان کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات میسر ہونگی ، غریب بھی پرائیویٹ اسپتال میں علاج کیلئے جا سکتا ہے۔