پی ٹی آئی کی حکومت آئینی مدت پوری کریگی، آنے والاوقت بھی تحریک انصاف کا ہے:شاہ محمود قریشی

08:11 PM, 29 Jan, 2022

ملتان:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھے مایوس لوگ کبھی صدارتی نظام، کبھی عدم اعتماد اور کبھی اسمبلیوں کے خاتمے کی قیاس آرائیاں کرتے ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت آئینی مدت پوری کریگی ،عام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہی ہوں گے، آنے والا وقت بھی تحریک انصاف کا ہے ۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے،صوبے بنانے کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں،پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پی پی‘ ن لیگ دونوں جماعتوں کی قیادت کو خط لکھے کہ آئیں اور مل بیٹھ کر صوبہ کی تشکیل کیلئے بات چیت کریں،ابھی تک دونوں جماعتوں کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا،جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے جلد ہی مزید پیش رفت کر رہا ہوں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں تک باریاں لینے والی جماعتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے کیا کیا؟ پی پی ن لیگ چاہتے تو اپنے دور اقتدار میں جنوبی پنجاب صوبے کیلئے بہت کچھ کرسکتے تھے،پی پی اور ن لیگ اپنے دور اقتدار میں صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے،ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے،جسے کوئی بھی رول بیک نہیں کرسکتا،جنوبی پنجاب کے عوام کی محرمیوں کا احساس ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے یہاں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے مختلف محکمہ جات کے سیکرٹری یہاں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے موجود ہیں اور ترقی کا سفر تیزی سی جاری ہے۔

انہوںنے کہاکہ میں آج ایک بارپھر واضح کر دیناچاہتاہوں وزیر اعظم عمران خان کو عوام نے پانچ سال کے لیے حکومت کا مینڈیٹ دیا ہے عمران خان بطور وزیر اعظم اور تحر یک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کر یگی اور عام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہی ہوں گے،اور آنے والا وقت بھی تحریک انصاف کا ہے۔

مزیدخبریں