محمد رضوان اور شان مسعود کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست

محمد رضوان اور شان مسعود کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کا پہاڑ جیسا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ 
فخر زمان نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 24، کامران غلام 43، محمد حفیظ 16، ڈیوڈ ویزا 13 اور راشد خان 17 رنز بنا سکے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3.4 اوورز میں54 رنز دئیے جبکہ ڈیوڈ ویلی، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
لاہور قلندرز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 150 رنز کا آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھ دی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ 
شان مسعود نے 50 گیندوں پر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے اور محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صہیب مقصود 21، ٹم ڈیوڈ 1 اور خوشدل شاہ 12 رنز بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 40 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حارث رؤف اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، صہیب مقصود، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، عمران خان، شاہنواز دھانی، عمران طاہر اور احسان اللہ شامل تھے۔ 
لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد حفیظ، کامران غلام، سمت پٹیل، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں