لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے خریدے گئے 12سال سے کم عمر بچوں کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 10 جنوری کو فیصلہ کیا تھا کہ سٹیڈیم میں صرف 25 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی اور اس فیصلے کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو کراچی میں شیڈول میچز کے دوران سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
اس سے قبل این سی او سی نے لیگ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے رکھی تھی جس کی بنیاد پر پی سی بی نے 11 جنوری کو تمام عمر کے افراد کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے این سی او سی کے فیصلے کے بعد 12 سال سے کم عمر بچوں کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سہولت سے 30 جنوری بروز اتوار کی رات 12 بجے تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔