اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ حکومت کی جانب سے ان پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اوگرا نے پیٹرول سمیت دیگر مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کیلئے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں پٹرول کی قیمت میں 12 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام پر مہنگائی کا بم گراتے ہوئے رواں ماہ کی 15 تاریخ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔
15 جنوری کو جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تین روپے بیس پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔