وزیر اعظم کو عقل کے ٹیکے لگانے چاہئیں:مریم اورنگزیب

07:54 PM, 29 Jan, 2020

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو عقل اور دماغ ٹھیک کروانے کے ٹیکے لگوانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سولہ ماہ میں روزگار، کاروبار، معیشت، پولیو ، ڈینگی ، آٹا ، چینی ، ریلوے ، صحت ، تعلیم، منصوبہ بندی، گیس بجلی ہر شعبہ تباہ کر دیا اور کہتے ہیں کابینہ ’مس گائیڈ‘ کرتی ہے ؟۔


مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران صاحب آپ وزیراعظم ہیں آپ کو کوئی بتائے تو یاد آتا ہے؟ ،عمران صاحب ڈالر 120 سے 160 ہو گیا آپ کو ٹی وی سے پتہ چلا ،عمران صاحب آپ عوام کو ’مس گائیڈ‘ کرتے ہیں کہ آپ کی کابینہ آپ کو ’مس گائیڈ‘ کرتی ہے جبکہ آپ کی کابینہ آپ کے حکم سے سب کچھ کرتی ہے ، عمران صاحب گیس 250 فیصد اور بجلی 200 فیصد مہنگی ہو گئی آپ کو پتہ بھی نہیں چلا ،عمران صاحب کابینہ اور وزرا آپ کو ’مس گائیڈ‘ کر رہے ہیں تو اپوزیشن کی سن لین جو سولہ ماہ سے آپ کو ہر بات سچ اور صحیح بتا رہی ہے، وہ سْن لیں عمران صاحب آٹا اور چینی کے بحران پہ بھی آپ کو ‘‘مس گائیڈ’’ کر دیا ؟ ۔

انہوں نے کہا کہ  عمران صاحب کابینہ کے ’مس گائیڈ‘ کرنے کا بیان اپنے ہی منہ پر طمانچہ ہے ،ایسے بیان دیتے ہوئے عمران صاحب آپ کو شرم آنی چاہئیے۔  سولہ ماہ میں 5.8 فیصد پہ ترقی کرتے ہوئے خوشحال ہستے بستے ملک کو تباہ و برباد، بھوکا ، غریب اور مہنگا ترین کر دیا اور کہتے ہیں وزرا گمراہ کر رہے ہیں ؟ ،عمران صاحب ڈاکٹروں کو کہیں آپ کو ایسا ٹیکہ لگائیں جو آپ کا دماغ درست کرے،سولہ ماہ میں تاریخی 11000 ارب کا قرض لیا اور کہتے ہیں وزرا ’مس گائیڈ‘ کر رہے ہیں ؟

مزیدخبریں