لاہور: ایف بی آر نے شہباز شریف کی بیرون ملک پراپرٹیز کی رپورٹ نیب کو دے دی ، شہباز شریف لندن میں 4 فلیٹس کے مالک ہیں جو 2005 سے 2007 کے دوران خریدے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیرون ملک جائیداد کی رپورٹ ایف بی آر نے نیب کو دےدی جس میں چار فلیٹس کا ذکر کیا گیا ہے جو 2005 سے 2007 کے درمیان خریدے گئے ہیں ۔ فلیٹس کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے کہ 30 بار گلے سٹیریٹ لندن میں فلیٹ نمبر 2 شہباز شریف کی ملکیت ہے۔ رچبورن کورٹ 9 ہیروبائے سٹریٹ لندن میں فلیٹ 10 ،اسی طرح لندن سٹنس روڈ میں فلیٹ نمبر 32 اے اور ویسٹ ٹاور پین پننسولہ مارش وال لندن میں فلیٹ 409شہباز شریف کی ملکیت ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف کی جانب سے یہ فلیٹس 2005 سے 2007 کے دوران خریدے گئے اور چاروں فلیٹس 80 فیصد بنکوں سے لیے گئے قرضوں کے ذریعے خریدے گئے ہیں۔